بھٹکل 21/جون (ایس او نیوز) مہاراشٹرا بالخصوص ممبئی سے اب کورونا بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا میں پہنچ رہا ہے مگر شکر ہے کہ ضلع اور تعلقہ انتظامیہ نے باہر سے آنے والوں کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے کورونا کو مزید پھیلنے کا موقع نہیں مل رہا ہے اور آتے ہی کورنٹائن میں بھیجے جانے سے کورونا کے آنے کے تمام راستے مسدود ہورہے ہیں۔
آج بھٹکل میں ایک ساتھ کورونا کے پانچ معاملات پوزیٹو آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس میں چار لوگ ایک ہی خاندان سے ہیں جو ممبئی سے آئے ہیں۔جبکہ ایک شخص یو پی سے بھٹکل پہنچا ہے۔
ذرائع کی مانیں تو چاروں لوگ جمعہ کو بذریعہ ٹرین بھٹکل پہنچے تھے، ایک ہی خاندان کے چار لوگوں میں 45 سالہ ایک شخص اسکی رشتہ دار ایک خاتون ، خاتون کی 18سالہ لڑکی اور ایک 14سالہ لڑکا شامل ہیں۔ یہ لوگ بندر روڈ کے رہائشی ہیں۔ ان لوگوں کو بھٹکل پہنچتے ہی ایک سرکاری رہائشی اسکول میں کورنٹائن کیا گیا تھا، جبکہ یو پی سے بھٹکل آنے والا 30 سالہ شخص موگلی ہونڈا کا رہنے والا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج صبح موصول ہونے والی رپورٹوں میں ان پانچوں کی رپورٹس کورونا پوزیٹو آئی ہے۔
بھٹکل کے ساتھ ساتھ سرسی میں بھی دو لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹو اور یلاپور سے ایک شخص کی رپورٹ بھی پوزیٹو آئی ہے یہ تینوں دہلی سے آئے تھے اور کورنٹائن میں تھے۔اُترکنڑا میں مزید ایک شخص کی بھی رپورٹ پوزیٹو ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں، مگر وہ نواں معاملہ ضلع کے کس علاقے کا ہے، فی الحال پتہ نہیں چلا ہے۔
یاد رہے کہ سرکاری طور پر آج کے کسی بھی معاملات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے البتہ شام کو موصول ہونے والے ہیلتھ بلٹین آنے کے بعد دیکھنا ہوگا۔
موگل ہونڈا شخص کی رپورٹ پوزیٹو آنے پر عوام میں تشویش: اُترپردیش سے بھٹکل لوٹنے والے جس 30 سالہ شخص کی رپورٹ آج پوزیٹو آئی ہے، وہ 18 جون کو بھٹکل پہنچا تھا اور آتے ہی اُس نے سرکاری اسپتال میں رپورٹ دی تھی، چونکہ یہ اُترپردیش سے آیا تھا اس لئے اس کے تھوک کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کرنے کے بعد اسے گھر پر ہی کورنٹائن کرنے کی ہدایت دے کر گھر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
پتہ چلا ہے کہ موگلی ہونڈا میں ایک چھوٹے سے مکان میں یہ شخص قریب دس لوگوں کے ساتھ رہتا تھا، آج رپورٹ پوزیٹو آنے پر گھروالوں سمیت پاس پڑوس کے لوگوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔